چواسیدن شاہ ، چھ میگا پراجیکٹ مکمل منصوبوں کا افتتاح کردیا گیا

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہنشاہ تعمیرات صوبائی وزیرملک تنویر اسلم سیتھی نے چواسیدن شاہ میں مختلف چھ میگا پراجیکٹ مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا۔چواسیدن کے مین بازار سے گذرنے والے نالے سے مون سون کے موسم میں پانی کے ریلوں سے جانی و مالی نقصان ہوتا تھا اس کو اب گہرا اورپختہ کردیا گیا ہے۔ تر قیاتی منصوبوں کے افتتا ح کے بعد ایک بہت بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے مرکز اور صوبوں میں مثالی ترقیاتی کام کروائے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق پورے پنجاب میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔اس کی زندہ مثال میرا حلقہ ہے جہاں میری پوری کوشش ہے کہ ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے کیونکہ عوام نے ہمیں منتخب کر کے ہمارے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انشاء اللہ اب برساتی نالے کی تعمیر کے بعد کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہوگا۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے چیر مین ملک فیصل عباس نے شہنشاہ تعمیرات ملک تنویر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت سے کھیوڑہ میں بھی ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری ہے اہلیاں کھیوڑہ کی طرف سے میں ان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔انھوں نے صوبائی وزیر سے کھیوڑہ چواسیدن شاہ سڑک کی خستہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے اس کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ بھی کیا۔صوبائی وزیر نے اس مسئلہ کے حل کے لیے اپنی مخلصانہ کوشش کی یقین دہانی بھی کروائی ۔ جلسے سے ایم پی اے مہوش سلطانہ اور عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ڈنڈوت سے 400موٹر سائیکلوں اور متعدد گاڑیوں کے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے راجہ مجاہد افسر چوآسیدنشاہ پہنچے۔