24ویں سالانہ عرس کے موقع پرپیر مستوار قلندر کا خطاب

چکوال(زمرے خان سے)سجادہ نشین مخدوم پور شریف اور محبت مشن کے سربراہ پیر مستوار قلندر نے اتوار کے روز بتایا کہ عمل اورمحبت سے ہی لوگوں کے دلوں کو جیتا جا سکتا ہے اور صوفیوں، اولیائے اللہ اور ولیوں نے اپنے عمل سے اسلام اور انسانیت کی خدمت کی ہے اور ان کی تعلیمات کو آگے بڑھا کر معاشرے میں امن ، بھائی چارے اور رواداری کی فضا کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وہ مخدوم پور شریف میں پیر خاکی شاہ کے 24ویں سالانہ عرس کے موقع پر محبت مشن کے زیر اہتمام بڑے روحانی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس،ایم پی اے سلطان حید رعلی، علی ناصر بھٹی،چوہدری یوسف تھوہا بہادر،سید مقصود ہمدانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سالانہ اجتماع میں مرد و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور اس دوران جلسے کے شرکاء نے پھر آیا دور قلندر کا حق حق مستوار قلندر حق کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پیر مستوار قلندر نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں جو افراتفری ، بے چینی اور غیر یقینی کی فضا ء ہے ا س کیلئے ضروری ہے کہ اسلام کے آفاقی مذہب کی روشن تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت طبیبہ ہر مسلمان اور انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔اس موقع پر مقامی پولیس اور محبت مشن کے رضا کاروں نے سیکورٹی کے خصوصی فول پروف انتظامات کر رکھے تھے اور روحانی اجتماع کے اندر آنے والوں کی جامع تلاشی لی گئی اور اس ضمن میں واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے تھے۔