چیئرمین بن قطب فاؤنڈیشن بشیر ملک کاالاحسان آئی ٹرسٹ ہسپتال لاہور کا دورہ

ڈھڈیال(نمائندہ خصوصی) چیئرمین بن قطب فاؤنڈیشن بشیر ملک نے لاہور میں الاحسان آئی ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہیں آئی کے شعبہ میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ انہیں آئی ہسپتال کے مختلف حصے دکھائے گئے اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے فیصل آباد میں بھی ایک جدید ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا معائنہ کیا اور ایڈمنسٹریشن کی جانب سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ خبریں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بن قطب فاؤنڈیشن بشیر ملک نے بتایا کہ بیگم نورمیموریل ہسپتال بھبھڑ کی او پی ڈی میں روزانہ آئی سرجری ہوگی ۔ الاحسان 0169592آئی ٹرسٹ ہسپتال لاہور اب بیگم نور میموریل ہسپتال بھبھڑ کا پارٹنر ہسپتال بن گیا اور اب آنکھوں کے انتہائی بے چیدہ امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کا الاحسان ٹرسٹ ہسپتال میں علاج ہوگا۔ جس کا اہتمام بن قطب فاؤنڈیشن کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تنظیم ’’ اخوت‘‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہارالحق قریشی کا تعاون ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں 600بیڈز پر جدید ہسپتال بھی ہمارا پارٹنر ہسپتال بن گیا ہے جہاں انتہائی پیچیدہ امراض کا علاج ہورہا ہے ۔ بشیر ملک نے کہا کہ اب یہاں سے شفا انٹر نیشنل اسلام آباد ، قائد اعظم انٹر نیشنل ہسپتال اسلام آباد اور دیگر مہنگے ہسپتالوں کی بجائے مستحق مریضوں کے علاج کیلئے بیگم نور میموریل ہسپتال ان کی فائلیں تیار کرکے ان کے مفت علاج کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں علاج کی جدیدسہولیات کی فراہمی کیلئے ہم نے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کی جس میں اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کامیاب ہوئے اور بیگم نورمیموریل ہسپتال بھبھڑ انہی کاوشوں کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ اس سلسلہ میں جو ادارے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں ۔ بن قطب فاؤنڈیشن ان کی تہہ دل سے مشکور ہے۔