خواجہ بابر سلیم،خواجہ دانیال سلیم اور پیر وقار حسین شاہ کرولی نے اعجاز سویٹ ہوم کے بچوں ساتھ عید منائی

چکوال(زمرے خان سے) 54یتیم اور غریب بچوں کے اعجاز سویٹ ہوم کلر کہار میں ادارے کے سربراہ پیر وقار حسین شاہ کرولی نے بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں گزاریں۔ اس موقع پر انہوں نے اڑھائی سو روپے فی کس 24بچوں کو عیدی تقسیم کی۔ چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود اور سینئر صحافی خواجہ دانیال سلیم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بچوں نے ملی نغمے اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔ پیر وقار حسین کرولی نے اس موقع پر بتایا کہ اس وقت 20بچے جو مقامی ہیں وہ عید اپنے گھروں میں گزاریں گے۔ یہ تمام 54بچے جب مجھے پاپا کہتے ہیں تو پوری دنیا کا چین اور سکون اور اطمینان جسم کے اندر سما جاتا ہے۔ پیر وقار حسین کرولی نے مزید بتایا کہ ہر بچے پر دس ہزار روپے ماہوار کے اخراجات ہیں، بچوں کے قیام ، طعام، تعلیمی اخراجات اور یونیفارم کے تمام اخراجات اعجاز سویٹ ہوم خود برداشت کرتا ہے۔ اس وقت16اساتذہ کا سٹاف ہے جو ہمہ وقت ان بچوں کی تعلیم و تربیت پر معمور ہے۔ 9ذہین اور لائق بچے پی اے ایف سکول کلر کہار اور فوجی فاؤنڈیشن سکول کلر کہار میں داخل کرائے گئے ہیں جن کا تمام پک پ، ڈراپ اور تمام اخراجات ادارہ برداشت کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ میں نے اپنے والد پیر اعجاز حسین کرولی کے نام پر قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی دفعہ چند مشکل مقامات پر ادارے کا وجود خطر ے میں پڑا مگر اللہ تعالیٰ کی ہر وقت خصوصی مدد میرے ساتھ رہی ۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات تعاون کرنے کو تیار ہیں مگر انہیں بتایا ہے کہ جب تک اللہ مجھے دے رہا ہے مجھے باہر سے کسی امداد کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر بچوں نے اپنے پاپا سے مطالبہ کیا کہ انہیں اسلام آباد کی سیر کرائی جائے جس پر پیر وقار حسین کرولی نے کہا کہ ابھی موسم گرم ہے آج آپ کلر کہار جھیل کی سیر کریں اگلے ماہ آپ کو اسلام آباد کی سیر کرائیں گے۔ اعجاز سویٹ ہوم کو قائم ہوئے ابھی اڑھائی سال کا عرصہ ہوا ہے۔ پیر وقار حسین کرولی نے بتایا کہ انہوں نے کلر کہار میں پچاس کنال اراضی حاصل کر لی ہے اور مستقبل قریب میں وہ بچوں اور بچیوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس قائم کریں گے اور میری خواہش ہے کہ ضلع چکوال کا کوئی غریب ، مستحق اور لائق بچہ اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔