پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے میاں نواز شریف کی قیادت میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام مکمل کرائے

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے میاں نواز شریف کی قیادت میں مکمل کرائے ہیں،یہو د ونصاریٰ کو پاکستان ایٹمی قوت اور سی پیک کی وجہ سے کھٹکتا ہے، سی پیک جیسے عظیم منصوبے کی وجہ سے پوری دنیا کی نظریں ہم پرہیں، اگر اللہ نے چاہا تو سی پیک مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہی مکمل ہو گا، سی پیک کی وجہ سے پاکستان سونے کی چڑیا بن چکا ہے، سی پیک اور موٹرویز نواز شریف کا ویژن تھا ،گوادر جیسی بندرگاہ پوری دنیا میں نہ ہے ،پورے وسطی ایشیاء کے ممالک کے پاس بندرگاہ نہ ہے، میاں نواز شریف کے خلاف سی پیک منصوبہ کی وجہ سے بین الاقوامی سازش کی گئی ہے اور افسوس کہ ہمارے اپنے لوگ اس سازش میں حصہ دار بنے ہوئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انچارج ایم این اے سیکرٹریٹ حلقہ این اے 60و چیئرمین یونین کونسل جند اعوان ملک نعیم اصغر اعوان نے میونسپل کمیٹی چکوال کی وارڈنمبر16محلہ ڈہوک فیروز پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپاسنامہ کونسلر وارڈ16محمد اکرم نے پیش کیا۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد حسین بلوچ نے سرانجام دئیے۔اس موقع پرخالد بٹ، افضال شازی، چوہدری عمرفاروق، سید عامر حسین زیدی، عابد چوہان، حاجی جابر شدیال، سیٹھ منظور جانی، عابدحسین ، راجہ محمد سلیم،چوہدری پائندہ خان چک ملوک، حاجی مظہر، جابر ٹھیکیدار، راجہ محمد عارف، حاجی منور، راجہ یوسف کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ملک نعیم اصغرجب عوام سے خطاب کرنے کے لیے پہنچے تو ان کا عوام نے زبردست استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ عوام سے اپنے خطاب میں ملک نعیم اصغر اعوان نے مزید کہاکہ سیاست میں نیک نامی ہی کمائی ہے اور کچھ نہیں کمایا،این اے 60کے 374دیہات ہیں جہاں مسلم لیگ ن کی نشانیاں کسی نہ کسی منصوبہ کی صورت میں موجود ہیں ، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فنڈز میں سے ہر یونین کونسل کو کچھ نہ کچھ دیا جائے جو دوست ہمارے پاس آتے ہیں ان سے جووعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں،چکوال میں سوئی گیس کے منصوبہ جات چھ ماہ کے اندر مکمل کریں گے ، آخر میں پروگرام کے کنوینئر کونسلر محمد اکرم نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم اپنے قائدین میجر (ر)طاہر اقبال، ملک نعیم اصغر اعوان ، چوہدری حیدر سلطان کے مشکور ہیں کہ جن کے تعاون سے اپنے محلہ میں لاکھوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کراچکے ہیں کیونکہ میری وارڈ شہر بھر کی وارڈوں میں پسماندگی کا شکار ہے اور ملک نعیم اصغر کی خصوصی گرانٹ سے اب تک اپنی وارڈ میں 70لاکھ روپے سے زائد کے ترقیاتی کام مکمل کراچکا ہوں اور آئندہ بھی عوام کے مسائل اپنے قائدین کی قیادت میں حل کرانے کے لیے دن رات محنت کروں گا۔ انہوں نے تمام شرکاء کاشکریہ بھی ادا کیا۔