تلہ گنگ کچہری میں غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب چار پولیس اہلکار گرفتار کر

چکوال تلہ گنگ کچہری میں دوہرے قتل میں غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب چار پولیس اہلکاروں کو ناصرف معطل کر دیا بلکہ ان کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں ارشدمحمود ، محمد فراز، محمد رضوان اور اظہار احمد شامل ہیں۔ مقدمہ سب انسپکٹر حامد خان سٹی تلہ گنگ کی رپورٹ پر درج کیا گیا ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے قتل کے مقدمے کے ملزمان ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال جاوید اقبال بوسال کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے لائے گئے جن کو گارڈ انچارج اظہار الحق ، کانسٹیبل ارشد محمود، کانسٹیبل فرحاد اشرف، کانسٹیبل رضوان اشرف لیکر آئے تھے تو اس دوران میں ملزمان غلام دستگیر وغیرہ کے مخالفین محمد اویس ولد احمد حسین، غلام سرور ولد نور محمد، محمد کامران ولد محرم خان، محمد اکرم ولد محبوب خان اور رضوان ولدعرفان ساکن بدھڑ نے آکر ملزمان پر فائرنگ کر دی اور ان کو موقع پر قتل کر دیا۔ پولیس ملازمین میں سے ارشد محمود نے ہتھکڑی پکڑ رکھی تھی اور دیگر پولیس اہلکار بھی بطور نگران موجود تھے اور ان پولیس اہلکاروں کی ملزمان زیر حراست کی ذمہ داری تھی۔ جنہوں نے بزدلی اور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو روکا نہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔